بنگلورو،19؍دسمبر(ایس او نیوز) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کے متعلق ریاستی حکومت کو چھٹویں پے کمیشن کی جو رپورٹ پیش کی گئی ہے اس کی پہلی اور دوسری جلد میں شامل سفارشات پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے، یہ اعلان آج ریاستی اسمبلی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کیا۔ وقفۂ سوالات میں کانگریس کے این ایس رامپا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ چھٹویں پے کمیشن کی رپورٹ نافذ کرنے کا جو موقف حکومت نے اپنایا ہے وہ اس پر قائم ہیں۔اپنے موقف کے مطابق مکمل رپورٹ کو منظوربھی کیاجاچکا ہے۔ رپورٹ کی پہلی اور دوسری جلد میں شامل سفارشات پر غور کیا جارہاہے۔ غور وخوض مکمل ہونے کے بعد ان کو عملی شکل دینے کے لئے مناسب کارروائی کی جائے گی۔